8 جنگیں رکوانے والے ٹرمپ کی مقبولیت کا حیران کن سروے

   

واشنگٹن، 5 نومبر (یو این آئی) دنیا میں ‘جنگیں رکوانے والے ‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت اپنی کم ترین سطح 36 فی صد پر آ گئی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی حمایت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے ، تازہ ترین سروے میں ظاہر ہوا ہے صرف 37 فی صد امریکیوں نے بطور صدر ان کی کارکردگی کی توثیق کا اظہار کیا اور 68 فی صد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ ملکی حالات خراب تر ہو رہے ہیں۔ رواں برس جنوری میں دوسری مدتِ صدارت کے آغاز کے بعد فروری کے وسط تک ٹرمپ کی مقبولیت 47 فی صد تھی، جو اب کم ہو کر صرف 36 فی صد رہ گئی ہے ۔ یہ سروے سی این این اور ایس ایس آر ایس نے کیا، جو پیر کے روز جاری کیا گیا۔ تازہ ترین سروے ، جو 27 سے 30 اکتوبر کے درمیان 1,245 بالغ امریکیوں کے درمیان کیا گیا، ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ کی ناپسندیدگی (disapproval) کی شرح 63 فی صد ہے ، جو جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد ریکارڈ کی گئی ناپسندیدگی سے بھی ایک پوائنٹ زیادہ ہے ۔ جب لوگوں سے پوچھا گیا کہ ”آج امریکہ میں حالات کیسے جا رہے ہیں؟” تو 68 فی صد امریکیوں نے کہا کہ ”کافی یا بہت برے ” جا رہے ہیں، جب کہ صرف 32 فی صد نے کہا کہ ”کافی یا بہت اچھے ” ہیں۔ یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وفاقی حکومت امریکی تاریخ کے سب سے طویل شٹ ڈاؤن (بندش) میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ سروے میں یہ بھی پایا گیا کہ 47 فی صد امریکیوں کے نزدیک معیشت اور مہنگائی اس وقت ملک کا سب سے اہم مسئلہ ہے ۔ دوسرے نمبر پر امریکی جمہوریت کی حالت ہے ، جسے 26 فی صد نے سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ موازنے کے طور پر صرف 10 فیصد امریکیوں نے امیگریشن کو سب سے بڑی تشویش بتایا، حالاں کہ ٹرمپ کی انتظامیہ اس معاملے کو اپنی مرکزی ترجیحات میں رکھے ہوئے ہے ، جس میں آئی سی ای کے چھاپوں میں اضافہ، پناہ گزینوں کی تعداد میں سخت کمی اور وفاقی عدالتوں میں جاری امیگریشن مقدمات شامل ہیں۔ فہرست میں نیچے آنے والے دیگر مسائل میں جرائم اور عوامی سلامتی شامل ہیں، جنھیں صرف 7 فی صد امریکیوں نے تشویش کا باعث کہا، باوجود اس کے کہ ٹرمپ بارہا وعدہ کر چکے ہیں کہ وہ امریکا کے بڑے شہروں، جنھیں وہ ”جہنم کے گڑھے ” اور ”جنگ زدہ علاقے ” کہتے ہیں، کو ”جرائم، خوں ریزی اور بدامنی” سے پاک کریں گے ۔