اندرا کرن ریڈی ‘ پی اجئے کمار اور وی پرشانت ریڈی کے ساتھ نامپلی سے مجلس اور حضور آباد سے ایٹالہ راجندربھی ہار سکتے ہیں
حیدرآباد۔26۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ادارہ لوک پول کی جانب سے تلنگانہ انتخابات کے حلقہ واری اساس پر سروے کی 8 نشستوں پر رپورٹ جاری کی گئی جس میں 3 وزراء پی ۔وجئے کمار‘ اندراکر ریڈی ‘ ویمولہ پرشانت ریڈی کے علاوہ رکن اسمبلی نامپلی کی شکست کے امکان ظاہر کئے گئے ہیں۔تلنگانہ انتخابات کی اہم نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے امکانات پر ’لوک پول‘ کی تفصیلات میں یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ انتخابات میں حلقہ نامپلی سے موجودہ رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سروے کے مطابق نامپلی سے مجلس کو 33.59 فیصدعوامی تائید حاصل ہے جبکہ کانگریس کو 46.17 فیصد عوام کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ بی آر ایس امیدوار کو 10.82 فیصد تائید کا دعویٰ کیا گیا ہے۔اسی طرح حلقہ نرمل سے موجودہ وزیر اندراکرن ریڈی کو شکست کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور ان کے مقابلہ بی جے پی کو زیادہ عوامی تائید کا دعویٰ کیا جا رہاہے۔ لوک پول کے مطابق اندراکرن ریڈی کو 30.95 فیصد عوامی تائید حاصل ہے جبکہ بی جے پی کو 34.68 فیصد تائید مل سکتی ہے ۔ اس حلقہ میں کانگریس کو تیسرے نمبر پر 26.02 فیصد تائید کا امکان ہے۔حلقہ سرسلہ سے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی کامیابی کا دعویٰ کرکے سروے میں کہا گیا کہ 57.31 فیصد عوام کی تائید کے ٹی راما راؤ کو ہے جبکہ کانگریس کو میں 34.84 فیصد تائید ہے۔ حلقہ کھمم سے وزیر پی ۔اجئے کمار کی شکست کی پیش قیاسی کرکے دعویٰ کیا گیا کہ اس حلقہ میں بی آر ایس کو 44.08 فیصد عوامی تائید حاصل ہے جبکہ کانگریس کو 46.29 فیصد تائید حاصل ہے۔ریاستی وزیر ویمولہ پرشانت ریڈی کی حلقہ بالکنڈہ سے شکست کی پیش قیاسی کرکے دعویٰ کیا گیا کہ اس حلقہ میں 41.76 فیصد عوام کی تائید بی آر ایس کو ہے جبکہ 47.56 فیصد عوام کی تائید کانگریس کو ہے۔حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے ریونت ریڈی کی کامیابی کا دعویٰ کرکے کہا کہ انہیں 58.87 فیصد عوامی تائید ہے جبکہ بی آر ایس کو 37.30 فیصد عوام کی تائید کا دعویٰ کیا جا رہاہے۔حلقہ حضور آباد سے بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندرکی شکست کی پیش قیاسی کرکے ادارہ نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کو 36.19 فیصد عوامی تائید ہے جبکہ بی جے پی کی مقبولیت میں کمی آئی جو کہ 31.27 فیصد تک محدود ہے اور اس حلقہ میں کانگریس 28.62 فیصد عوامی تائید کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ایس سی طبقہ کیلئے محفوظ مدھیراسے کانگریس امیدوار ملو بھٹی وکرمارک کو 56.24 فیصد عوامی تائید کا دعویٰ کرکے کہا گیا کہ یہاں سے 37.89 فیصد عوامی تائید بی آر ایس کے حق میں ہے۔