80 ہزار جائیدادوں پر تقررات تاریخی فیصلہ

   

محکمہ اقلیتی بہبود میں 1825 جائیدادیں ، محمد فاروق حسین کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ۔ جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ جس مقصد کے لیے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک چلائی گئی تھی اس خواب کی مکمل تعبیر ہوگئی ہے ۔ پانی ، فنڈز اور ملازمتوں سے ہونے والی نا انصافی کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں کامیاب جدوجہد کی گئی تھی ۔ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کے وسائل اور اثاثہ جات میں زبردست اضافہ کیا گیا جس کی بدولت آج ریاست کا مجموعی بجٹ دو لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گیا ۔ مختصر عرصہ میں دنیا کا سب سے بڑا لیفٹ اریگیشن کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا گیا اس کے علاوہ کئی دوسرے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کرتے ہوئے 80 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جارہا ہے ۔ اب 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی دور اندیشی سے یہ سب ممکن ہوپایا ہے ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر 8 سال میں تلنگانہ بیشتر شعبوں میں سارے ملک میں سرفہرست ہوگیا ۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں 1825 جائیدادوں میں تقررات کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ساتھ ہی 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری سے مسلم نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ محمد فاروق حسین نے نوجوانوں بالخصوص اقلیتی نوجوانوں کو اس سنہری موقع سے بھر پور استفادہ کرنے کی اپیل کی ۔۔ ن