نئی دہلی، 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں سبھی مسافر گاڑیوں میں پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والوں کے ریئر سیٹ بیلٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیئے جانے کے باوجود تقریبا 89 فیصد اسکول بسوں اور وین میں بچوں کے لئے ریئر سیٹ بیلٹ کی سہولت نہیں ہے ۔مسافر گاڑی بنانے والی کمپنی‘نسان’ کے ذریعہ سیو لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تیار کئے گئے ایک سروے رپورٹ کے مطابق ابھی ملک میں 2ء11 فیصدی اسکول بسوں/ وینوں میں بچوں کے لئے سیٹ بیلٹ ہے لیکن بیداری میں کمی کی وجہ سے اس کا استعمال نہیں کیاجارہا ہے ۔قومی سڑک سلامتی کے پیش نظر جاری اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریئر سیٹ بیلٹ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے قانون ہونے کے باوجود اس کے لئے بیداری بہت کم ہے جس کی وجہ سے اس قانون کے نفاذ زیادہ موثر طریقے سے نہیں ہوپارہا ہے ۔ ریئر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے حادثے میں بچوں کو چوٹ لگنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔رپورٹ میں اس اعدادوشمار پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے قومی جرائم ریکارڈ بیورو کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سال 2015 میں ملک میں اسکول بسوں کے حادثے کی وجہ سے 422 بچوں کی موت ہوگئی تھی اور 1622 بچے زخمی ہوئے تھے ۔