نئی دہلی: اپریل کا مہینہ ابھی آدھا ختم ہوا ہے لیکن ملک کی کئی ریاستوں میں شدید گرمی کی لہر ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بہار، بنگال اور آندھرا پردیش میں شدید گرمی کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے جھارکھنڈ، اڈیشہ، اترپردیش اور سکم میں گرمی کی لہر کی پیش قیاسی کی ہے۔ پیر کو پنجاب اور ہریانہ میں گرمی کی لہر برقرار رہی۔ شدید گرمی کی وجہ سے کئی ریاستوں میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہیکہ مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں اگلے چار دنوں تک اور ملک کے شمال مغربی علاقوں میں دو دن تک گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق مغربی بنگال اور بہار کے گنگا کے میدانی علاقوں میں مسلسل چار دن تک گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔ سکم، اڈیشہ اور جھارکھنڈ میں بھی اگلے دو تین دنوں تک شدید گرمی پڑ سکتی ہے۔ مشرقی اتر پردیش بھی 19 اپریل کو شدید گرمی سے متاثر ہو سکتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے مغربی بنگال میں اسکول، کالج بند کر دیے گئے ہیں۔ مغربی بنگال کے دارجلنگ اور کالمپونگ کے علاوہ ریاست میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 23 اپریل تک بند کردیئے گئے ہیں۔
شدید گرمی کی وجہ سے کولکتہ کے کئی اسکول آن لائن کلاسز لے رہے ہیں۔ تریپورہ میں بھی ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے ریاست کے تمام سرکاری اسکول 18 سے 23 اپریل تک بند کردیئے گئے ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلی مانک ساہا نے پیر کو ہی اس کا اعلان کیا تھا۔ ساتھ ہی اسکول بند ہونے کی وجہ سے پڑھائی بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہمالیائی خطے میں مغربی ڈسٹربنس کا اثر آج یعنی منگل سے ظاہر ہونا شروع ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ منگل سے شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملے گی محکمہ نے کہا ہے کہ 18 سے 20 اپریل کے دوران پنجاب، ہریانہ، دہلی اور راجستھان کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 18 اپریل کو جموں کشمیر اور لداخ کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے دو تین دنوں میں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب میں کچھ مقامات پر ڑالہ باری ہوسکتی ہے۔