9 دسمبر کو تلنگانہ میں ’ یوم تہوار ‘

   

مجسمہ ’ تلنگانہ تلی ‘ کی نقاب کشائی ، کانگریس سے علحدہ ریاست کے قیام پر جشن
حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 9 ڈسمبر تہوار کے طور پر منایا جائے گا کیونکہ اسی دن کانگریس نے علحدہ ریاست تلنگانہ کا اعلان کیا تھا۔ حکومت تلنگانہ 9ڈسمبر کو سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی‘ مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیتے ہوئے ریاست بھر میں تہوار منائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں ’تلنگانہ تلی ‘ مجسمہ کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان ‘ ارکان اسمبلی ‘ کے علاوہ مشیران حکومت تلنگانہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 2جون کو ہی سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی‘ مجسمہ کی تنصیب کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن مجسمہ میں معمولی تبدیلیوں کے لئے ہونے والی تاخیر کے نتیجہ میں اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ 9 ڈسمبر کو اس مجسمہ کی نقاب کشائی کی جائے ۔ انہو ں نے سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد 10 سال تک تلنگانہ تلی کو نظرانداز کرنے والی حکومت سے سوال کر رہے ہیں کہ تلنگانہ تلی کا مجسمہ کیوں نصب نہیں کیا گیا۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد ریاستی حکومت نے ’پرگتی بھون‘ کے نام سے بڑے گھر بنائے اور انہیں خاردار تاروں سے گھیرے رکھا اور اطراف و اکناف بڑے پیمانے پر سیکیوریٹی تعینات کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو اس سے دور رکھا گیا اور کانگریس نے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی ’پرگتی بھون‘ کو پرجا بھون میں تبدیل کرتے ہوئے اسے عوام کے لئے کھول دیا ہے اور عوام اس پرجا بھون میں بہ آسانی داخل ہوتے ہوئے اپنی شکایات جمع کرواسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پیشرو حکومت کے دور میں عوام کا سیکریٹریٹ‘ پرگتی بھون اور بیشتر سرکاری دفاتر میں داخلہ ممنوع تھا لیکن کانگریس نے ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد ان تمام مقامات کو عوامی مقامات قرار دیتے ہوئے انہیں داخلہ کی اجازت فراہم کی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ بی آر ایس نے اپنے دور حکومت میں ’تلنگانہ تلی ‘ کو پس پشت ڈال دیا تھا اور اقتدار سے محرومی کے بعد بی آر ایس کو تلنگانہ تلی کی یاد آرہی ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے سیکریٹریٹ کے روبرو آنجہانی راجیو گاندھی کے مجسمہ کو نصب کیا جنہوں نے ملک کے لئے اپنی جان قربان کی ہے لیکن اس پر بھی اپوزیشن کو اعتراض ہے جبکہ کانگریس پارٹی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدہ کو کانگریس نے ہی پورا کیا ہے۔سیکریٹریٹ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی تنصیب کے لئے کی گئی بھومی پوجا کے بعد چیف منسٹر ا ے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کا عمل شروع کیا ہے اور تلنگانہ عوام حکومت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کر رہی ہے۔ بھومی پوجا میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ محترمہ سانتھی کماری چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ ‘ ڈاکٹر کے کیشوراؤ مشیر حکومت تلنگانہ ‘ مسٹر انیل کمار یادو رکن راجیہ سبھا‘ جناب محمد علی شبیر مشیر برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و اقلیتی طبقات ‘ مسز وجیہ لکشمی مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ مسٹر این روہن ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔3