90 لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے 90 اسمبلی نشستوں پر کامیابی: ریونت ریڈی

   

3 مقامات پر حکومت نے جلسہ کی اجازت سے انکار کیا

حیدرآباد۔/10 ستمبر،( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی 90 لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ آئندہ 100 دنوں تک سخت محنت اور جدوجہد کریں تاکہ پارٹی برسراقتدار آئے۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے بعد تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل یقینی ہے اور عوام اس کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 16 تا 18 ستمبر کانگریس کے قومی قائدین حیدرآباد میں قیام کریں گے اور ورکنگ کمیٹی اجلاس کے علاوہ جلسہ عام منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ستمبر کو کانگریس قائدین اسمبلی حلقہ جات میں کارکنوں اور عوام سے ملاقات کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کارکنوں اور قائدین کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بوگس ناموں کے اخراج اور حقیقی ووٹرس کے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے تین مقامات پر کانگریس کو جلسہ عام کی اجازت نہیں دی ہے۔ پریڈ گراؤنڈ اور گچی باؤلی اسٹیڈیم کے علاوہ مہیشورم میں انڈومنٹ اراضی کے نام پر اجازت سے انکار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے اپنی اراضیات جلسہ عام کیلئے پیش کی ہیں۔ تکوگوڑہ میں کسانوں کی مدد سے جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں 5 لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔