99 روزہ پرجا پالنا پروگرام سے حیدرآباد میں مثبت تبدیلی متوقع: جی ایچ ایم سی کمشنر

   

حیدرآباد 7 مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے کمشنر آر وی کرنن نے کہاکہ ریاستی حکومت کے 99 روزہ پرجا پالنا ۔ پرگتی پرانالیکا پروگرام سے توقع ہے کہ حیدرآباد میں مختلف محکمہ جات کی کاوشوں اور شہریوں کے اس میں حصہ لینے سے ایک مثبت تبدیلی آئے گی اور شہر کی حالت بدل جائے گی۔ جمعہ کو اس پروگرام کے آغاز کے حصہ کے طور پر جی ایچ ایم سی کمشنر نے راجندر نگر زون کے عطاپور علاقہ میں زیرتعمیر شاستری پورم روڈ اوور بریج کا معائنہ کیا۔ انھوں نے عہدیداروں کو اپروچ روڈس اور دیگر زیرالتواء کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس بریج کا جلد افتتاح ہوسکے۔ اس دورہ کے دوران مسٹر کرنن نے اس علاقہ میں صحت و صفائی کی سرگرمیوں اور گھر گھر سے کچرے کے حصول کے سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ انھوں نے سواچھ آٹو ڈرائیورس کو گھروں سے صد فیصد کچرے کو حاصل کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر کچرا دکھائی نہیں دینا چاہئے۔ بعد میں کمشنر نے کوتوال گوڑہ کے قریب یکوہل پارک پر انتظامات کا معائنہ کیا جس کا چیف منسٹر جلد ہی افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر کرنن نے کہاکہ اس 99 روزہ پروگرام سے گریٹر حیدرآباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم مستحکم ہوگا اور گھر گھر سے کچرے کا صد فیصد حصول یقینی ہوگا۔A