99روزہ پروگرامس کونافذ کرنے عوامی نمائندوںکی شمولیت کویقینی بنایاجائے

   

ضلعی مراکزپر ایک روزہ تربیتی پروگرام کیاجائے ۔کلکٹرس کانفرنس میں وزیراعلیٰ کاخطاب

نظام آباد: 4 ؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی سکریٹریٹ میں منعقدہ کلکٹرس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 99 روزہ پروگرام کو موثر انداز میں نافذ کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وارڈ ممبران، سرپنچ، میونسپل وارڈ ممبران، چیئرمینس، کارپوریٹرس اور میئرس کو اس پروگرام میں باقاعدہ شریک کیا جائے اور ضلع مراکز پر ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے۔ تمام منتخب نمائندوں کو مطبوعہ مواد بھی مہیا کیا جائے تاکہ حکومتی منصوبوں پر عمل آوری میں یکسانیت برقرار رہے۔وزیر اعلیٰ نے ریاست میں شمسی توانائی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی پمپ سیٹوں کی جگہ سولار پمپ سیٹوں کے استعمال سے متعلق کسانوں میں بیداری پیدا کی جائے اور گھروں کی چھتوں پر سولار پلانٹس نصب کر کے انہیں گرڈ سے مربوط کرنے کے فوائد سے واقف کرایا جائے۔ دیہی و شہری سطح پر منعقد ہونے والی گرام و وارڈ سبھاؤں میں نئے راشن کارڈس، باریک چاول کی فراہمی، اندراماں مکانات، 200 یونٹ تک مفت برقی، قرض معافی، مفت بس سفر اور 500 روپئے میں گیس سلنڈر جیسی اسکیمات کے مستفیدین کی تفصیلات پیش کی جائیں تاکہ عوام کو گاؤں سے ضلع سطح تک حاصل شدہ اجتماعی فائدہ معلوم ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ریاست کی 35 سرکاری میڈیکل کالجس کی خدمات سے مکمل استفادہ کیا جائے اور پی ایچ سیز و سی ایچ سیز سے مریضوں کو انہی اداروں کو رجوع کیا جائے جہاں جدید طبی سہولتیں، ماہر ڈاکٹرس اور پروفیسرس دستیاب ہیں۔اے ریونت ریڈی نے کہا کہ تمام سرکاری اسکیمات سے استفادہ کنندگان کی چہرہ شناسی کے عمل کو لازمی بنایا جائے تاکہ صرف مستحق افراد کو فائدہ پہنچے اور غیر مستحقین کی نشاندہی ہو سکے، انہوں نے بتایا کہ آسرا پنشن میں اس عمل کے ذریعہ تین لاکھ غیر مستحق نام حذف کئے گئے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو آن لائن ڈاٹا مکمل کرنے، اسکولی و دیگر گاڑیوں کی فٹنس جانچ باقاعدگی سے انجام دینے اور ڈرائیورس کے لیے آنکھوں کے معائنہ کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سڑکوں پر گڑھوں اور حادثاتی مقامات کی اطلاع کے لیے واٹس ایپ نمبر جاری کرنے، او آر آر اور اس کی سرویس روڈس کے کنارے کچرے کی غیر قانونی ڈمپنگ پر جرمانے عائد کرنے اور ذمہ دار ادارہ کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے مڈ ڈے میل ایجنسیوں کو بروقت ادائیگی، ہاسٹلس کی رجسٹریشن و نگرانی، تعلیمی اداروں میں منشیات کے انسداد، زرعی شعبہ میں مٹی کے ٹیسٹس، فصلوں کی تنوع اور یوریا ایپ میں اصلاحات جیسے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت اور محکمہ شہری رسدات باہمی تال میل کے ساتھ جامع لائحہ عمل تیار کریں تاکہ کسانوں کو بیج بونے سے لے کر پیداوار کی فروخت تک کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ اپنے اضلاع میں فصلوں کی تنوع کے امکانات پر مفصل رپورٹ پیش کریں۔اس اجلاس میں ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپا ٹھی، ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگوان کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔