ملزم قریبی جنگل میں فرار ،عوام میں دہشت ، پولیس تحقیقات میں مصروف
حسن آباد /7 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع اکناپیٹ منڈل مستقر میں کل رات دو پڑوسیوں کے مابین گھر کی حصار بندی کی دیوار کو لیکر گذشتہ 3 ماہ سے چلنے والے تنازعے کے دوران ہوئی بحث و تکرار سے برہم ہوکر سدانندم نامی ایک 30 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں موجود AK-47 جدید عصری بندوق سے اپنے پڑوسی گنگا راجو پر اچانک فائرنگ کردی تاہم نشانہ چوک گیا جس کے باعث گنگا راجو زخمی یا ہلاک ہونے سے بچ گیا ۔ اس ضمن میں کل بروز جمعرات کو دونوں کے مابین زبردست جھگڑا ہوکر ماند پڑ گیا جس کے باعث سخت برہمی میں مشتعل سدانندم نے کل رات 9 بجے دوبارہ گنگا راجو کو گالی گلوج کرتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کی 9 بجکر 10 منٹ پر سدانندم نے اچانک اپنے گھر سے AK-47 لیکر آتے دکھ کر گنگاراجو کے ارکان خاندان نے خود کو گھر میں بند کرلیا ۔ تاہم سدانندم نے گھر کی کھڑکی کے ذریعہ گنگا راجو پر نشانہ بناکر 2 راؤنڈ فائر کردیا ۔ نشانہ چوک کر دیوار میں گولی پیوسٹ ہوگئی ۔ فائرنگ سے خوفزدہ ہوکر سدانندم AK-47 بندوق کے ساتھ قریبی جنگل میں فرار ہوگیا ۔ بعد ازاں پڑوسی کی جانب سے مطلع کرنے پر اکناپیٹ انسپکٹر پاپیا نائیک نے بری طری خوفزدہ گنگا راجو و ارکان خاندان کو باہر لاکر تمام تفصیلات دریافت کی نیز کیس درج کرنے و تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں کمشنر آف پولیس سدی پیٹ جو ہیل ڈیوس و معاون کمشنر حسن آباد ایس مہیندر نے جائے واقعہ کا دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام سے تنازعے کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس سدانندم کے پاس موجود AK-47 کو کسی طرح حاصل کیا ۔