CM کا مطلب’ کول مافیا ‘میں تبدیل ، کے ٹی آر کا الزام

   

بی آر ایس کے وفد کی گورنر سے ملاقات، سنگارینی اسکام کی تحقیقات کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں (سی ایم) کا مطلب’ کول مافیا ‘میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ بی آر ایس کے ایک وفد نے آج لوک بھون پہنچ کر گورنر جشنو دیو ورما سے ملاقات کرتے ہوئے سنگارینی کالریز میں مبینہ کوئلہ اسکام کی جامع تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا اور ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی ۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سنگارینی میں بڑے پیمانہ پر لوٹ مار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مبینہ اسکام کے شواہد سامنے آئے حکمران جماعت کانگریس میں بے چینی پھیل گئی اور کانگریس پارٹی اس مسئلہ سے عوام کی توجہ ہٹانے میں مصروف ہوگئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سنگارینی گھوٹالے پر بی آر ایس کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا حکومت نے اب تک واضح جواب نہیں دیا ۔ خاص طور پر ایک فٹبال میچ کیلئے سنگارینی کے 10 کروڑ روپئے کے مبینہ استعمال پر خاموشی تشویشناک ہے ۔ سنگارینی کے ٹنڈرس میں غیر معمولی اور مشکوک قواعد و ضوابط شامل کئے گئے ۔ کے ٹی آر نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر بلٹ اسکیم کے نام حیدرآباد میں 9200 ایکر قیمتی اراضی ہڑپنے کی کوشش کی جسکی مالیت 5 لاکھ کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ اس کے بعد اپنے برادر نسبتی کے چہرہ پر خوشی دیکھنے کیلئے انہیں سنگارینی حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی بی ار ایس پارٹی سخت مخالفت کرتی ہے ۔ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے اس اسکام کی سی بی آئی یا خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ عوامی پیسے کی لوٹ مار کو روکا جاسکے ۔ گورنر نے ان کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملہ میں انصاف نہیں کیا گیا تو بی آر ایس پارٹی TBGKS کے ساتھ مل کر احتجاجی مہم شروع کرے گی۔2