DOST کے پہلے مرحلہ میں 65% طلبہ نے بی کام کمپیوٹر سائنس کو اختیار کیا

   

حیدرآباد ۔ 17 جون (سیاست نیوز) ڈگری آن لائن سرویسیس تلنگانہ (DOST) 2023ء کے پہلے مرحلہ کے سیٹ الاٹمنٹ میں 65 فیصد طلبہ نے بی کام کمپیوٹر سائنس کیلئے انرولمنٹ کروایا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلہ میں جملہ 73,220 طلبہ کو سیٹ الاٹمنٹ کیا گیا۔ کونسل کے مطابق جملہ 1,05,935 طلبہ نے انڈر گریجویٹ کورسیس میں داخلہ کیلئے رجسٹریشن کروایا۔ 78,212 امیدواروں نے ویب آپشنس دیئے اور 73,220 کو نشستیں الاٹ کی گئیں۔ ان میں 60.25 فیصد لڑکیاں اور 39.75 فیصد لڑکے ہیں۔ جملہ 68,494 طلبہ نے انگلش میڈیم کو اختیار کیا ہے۔ TSDOST ریاستی یونیورسٹیز بشمول عثمانیہ، تلنگانہ اور پالمورو یونیورسٹیز کے انڈر گریجویٹ کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے کے خواہاں طلبہ کیلئے ایک سہولت بخش پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ DOST داخلوں کا پورا عمل 15 جولائی کو ختم ہوگا اور 17 جولائی سے تعلیمی سال 2023-24 کا آغاز ہوگا۔ نوین متل، کمشنر کالجیٹ اینڈ ٹکنیکل ایجوکیشن نے کہا کہ DOST طلبہ کیلئے ایک انقلاب لایا ہے۔ اس سال طلبہ کی اکثریت پہلے آپشن کے طور پر بی کام کمپیوٹر سائنس کو اختیار کررہی ہے۔ تقریباً 32,251 طلبہ نے کامرس کورس کو اختیار کیا ہے کیونکہ اس میں اچھے جاب کا موقع ہوتا ہے بالخصوص تلنگانہ میں اور دوسرا آپشن لائف سائنسیس ہے۔ پہلے مرحلہ میں زیادہ تر طلبہ نے گورنمنٹ کالجس کو اختیار کیا ہے جس میں گورنمنٹ سٹی کالج پہلے نمبر پر ہے اور نظام کالج دوسرے نمبر پر۔