EAPCET-2025 TG امتحانات کا شیڈول جاری

   

29 اور 30 اپریل کو اگریکلچر اور فارمیسی ‘ 2 تا 4 مئی انجینئرنگ امتحانات : پروفیسر بالا کشٹا ریڈی
حیدرآباد۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ انجینئرنگ اگریکلچر فارمیسی داخلوں سے متعلق کامن انٹرنس امتحانات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے۔ TG EAPCET-2025 انٹرنس امتحانات کا 29 اپریل کو آغاز ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر بالا کشٹا ریڈی نے بتایا کہ 29 اور 30 اپریل کو اگریکلچر اور فارمیسی امتحانات ہونگے۔ صبح 9 بجے تا 12 بجے دن پہلا سیشن ہوگا جبکہ 3 بجے سہ پہر تا 6 بجے دوسرا سیشن ہوگا۔ اگریکلچر اور فارمیسی امتحانات کیلئے ہال ٹکٹس 19 اپریل سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ انجینئرنگ امتحانات 2 سے 4 مئی تک منعقد ہونگے۔ انجینئرنگ امتحانات کیلئے 22 اپریل سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ پہلا سیشن صبح 7 بجکر 30 منٹ سے جبکہ دوسرا سیشن 1:30 بجے سے شروع ہوگا۔ جے این ٹی یو ڈائرکٹر وجئے کمار نے بتایا کہ انٹرنس امتحانات کیلئے ایک منٹ کے قواعد پر عمل ہوگا۔ طلبہ کی جانب سے ایک منٹ کی تاخیر پر بھی امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک انجینئرنگ کیلئے 2 لاکھ 19 ہزار 420 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اگریکلچر اور فارمیسی کیلئے 86,101 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ دونوں ملاکر 2 لاکھ 53 ہزار درخواستیں ملی ہیں۔ تلنگانہ بھر میں امتحانی مراکز کو 16 زونس میں تقسیم کیا گیا۔ اگریکلچر اور فارمیسی امتحانات کیلئے112 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ انجینئرنگ امتحانات کیلئے جملہ 124 امتحانی مراکز ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔2