F-35 پروگرام میں دوبارہ شمولیت ، اردغان کا ٹرمپ سے رابطہ

   

انقرہ ۔ 28 جون (ایجنسیز) ترک صدر رجب طیب اردغان نے اعلان کیا ہے کہ ترکیہ دوبارہ امریکی ایف۔35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ پروگرام میں شامل ہونے کی خواہش رکھتا ہے۔ ناٹو اجلاس سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اردغان نے کہا کہ اس معاملہ پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے گفتگو ہوئی ہے اور انہیں مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم نے کبھی ایف۔35 پروگرام سے دستبرداری اختیار نہیں کی۔ اب ہم دوبارہ شراکت کے لیے امریکی حکام سے بات چیت کر رہے ہیں، اور تکنیکی سطح پر مذاکرات بھی شروع ہو چکے ہیں۔ 2020 میں ترکیہ کو اس پروگرام سے اس وقت خارج کر دیا گیا تھا جب اس نے روس سے ایس۔400 فضائی دفاعی نظام خریدا تھا، جس پر امریکہ نے پابندیاں عائد کیں۔ ترکیہ اس فیصلے کو مسلسل ’ناانصافی‘ قرار دیتا رہا ہے اور یا تو پروگرام میں شمولیت یا مالی ازالے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ اردغان نے امید ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ کی موجودگی میں اس معاملہ کو نئے سرے سے حل کیا جا سکتا ہے۔

ترکیہ اور ایران کے درمیان ہوائی سفر کی جزوی بحالی
استنبول۔ 28 جون (یو این آئی) ترکی اور ایران کے درمیان فضائی سفر ایران۔ اسرائیل تنازعہ کی وجہ سے 15 دنوں تک معطل رہنے کے بعد کل جزوی طور پر بحال ہو گیا۔ ترکیہ کے ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادریرالوغلو نے بتایا کہ ایران کے مشرقی شہر مشہد سے استنبول کے لیے پروازیں 27 جون کو دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ 15 دن کے وقفہ کے بعد ترکی اور ایران کے درمیان فضائی سفر جزوی طور پر بحال ہوگیاہے ۔ یرالوغلو نے مزید کہا کہ مغربی ایران میں واقع تہران اور تبریز کے شہروں میں فضائی حدود بند رہیں گی اور یہ پابندی 2 جولائی تک جاری رہے گی۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ ایران میں پھنسے ہوئے ترک طیاروں کو خصوصی پرمٹ کے تحت واپس جانے کی اجازت دینے کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ پروازوں کو مکمل طور پر معمول پر لانے اور گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کو جلد از جلد ترکی واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ترکی کی فضائی کمپنی کے سات طیارے ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے اپنی فضائی حدود کو مکمل طور پر کھولنے کی کارروائی آج سہ پہر تک ملتوی کر دی ہے ۔