FATFجشن قبل از وقت، لسٹ سے نکلنا ہنوز باقی: حنا ربانی

,

   

کسی بھی ملک کو جب گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو تکنیکی ٹیم کو دورہ کرنا پڑتا ہے، دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس

اسلام آباد : وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہاہیکہ ابھی تو گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوا ہے لہٰذا فیٹف کے معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، یہ کہناکہ ’’بہت کچھ ہوگیا‘‘گریز کریں،گرے لسٹ سے نکلنے میں ابھی ایک قدم دور ہیں، محتاط رہنا چاہیے،جب کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو تکنیکی ٹیم کو دورہ کرنا ہوتا ہے۔امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائیگا، پاکستان کیخلاف ایک ملک کی کوششوں کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی، پاکستان اس وقت دنیا کیلئے لیگل فریم ورک کی فراہمی کے حوالے سے ماڈل ہے، جن کو کریڈٹ چاہیے ہم ان کو تمغے بھی دینے کیلئے تیار ہیں، یہ پاکستان کی جنگ تھی کسی ایک شخص کی نہیں۔ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہیکہ فیٹف میں کامیابی پرجنرل باجوہ کو مبارکباد، قوم کو مایوسی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لائینگے۔گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خارجہ امور حناربانی کھر نے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے ہمراہ دفترخارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی سے خوشی نہیں منانی چاہیئے کیونکہ ابھی تو فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے کے حوالہ سے پراسیسز شروع ہوئے ہیں اور آن سائٹ وزٹ ہونا ہے، یہ کرنے کے بعد بھی ہماراسفر تو جاری رہے گا کیونکہ ہم نے قانون سازی کو مضبوط بنانا ہے اورانتظامیہ کو مضبوط بنانا ہے۔پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا، پاکستان گرے لسٹ سے باہر نکلنے کیلئے ایک قدم دور ہے۔ہم نے فیٹف کے ساتھ ہر بات چیت میں اس پر ہمیشہ زور دیا کہ فیٹف کو غیر سیاسی ، غیر جانبدار اورتکنیکی سطح پر کام کرنا چاہیے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ فیٹف یہ ایسے ہی اپنا کام جاری رکھے گا۔ پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے ہماری معیشت بھی بہتر ہو گی۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے جامع اصلاحات پر عمل درآمد کیا گیا، یہ ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے، پہلا ایکشن پلان بہت طویل تھا لیکن یہ ایکشن پلان ہم نے مقررہ وقت سے قبل پورا کرلیا اور اس کو ایف اے ٹی ایف کے تمام اراکین نے تسلیم کیا اور پاکستان کی تیز رفتار پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔