فکوکا 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے 20 بڑی معیشت سمجھے جانے والے ممالک کی تنظیم
G-20
کے وزرائے تجارت و معیشت کا جاپان میں آج اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکنالوجی کی تبدیلیوں اور تجارتی تحفظ پسندی کے اِس دور میں تجارتی و مالیاتی قواعد کی جدید ترتیب و تدوین کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ جاپان کے جنوبی شہر فکوکا میں وزرائے فینانس و تجارت کے اجلاس کا مقصد جون کے اواخر میں اوساکا میں منعقد شدنی
G-20
چوٹی کانفرنس سے قبل کئی اہم مسائل و موضوعات پر گفت و شنید کے بعد اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ بعدازاں چوٹی کانفرنس میں اِس کی توثیق کی جائے گی۔ سنٹرل بینکس کے گورنروں اور دیگر مالیاتی قواعد کے نگرانکار اداروں کا اجلاس ایک ایسے وقت فکوکا میں منعقد ہورہا ہے جبکہ بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی و ٹیکنالوجی شرائط پر تنازعات میں شدت پیدا ہوچکی ہے جس سے عالمی معیشت دیگرگوں ہونے کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہاکہ اُنھوں نے اپنے جاپانی ہم منصب تارو آسو سے ملاقات کی ہے۔ اِس دوران امریکہ و جاپان کے درمیان متعدد معاشی و سکیورٹی مسائل پر قریبی باہمی تعاون پر غور کیا گیا۔ جاپان دنیا ی تیسری بڑی معیشت ہے جو G-20 کی 1999ء میں تاسیس کے بعد پہلی مرتبہ میزبانی کررہی ہے۔
