G20سربراہ اجلاس: سعودی ولیعہد کی غیرمتوقع آمد

   

بالی: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان G20سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا پہنچ گئے جہاں انھوں نے غیر ملکی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق G20 ممالک کے سربراہان کا سترہویں اجلاس کا آغاز انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہوگیا جس میں روس یوکرین جنگ، عالمی اقتصادی بدحالی اور غذائی تحفظ سمیت اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے۔G20 کے اجلاس سے افتتاحی خطاب میں میزبان انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے رکن ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک دنیا کو ایک اور سرد جنگ سے بچانے کے لیے روس یوکرین تنازعہ کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے متحرک ہونا چاہیئے۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے مزید کہا کہ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو دنیا کے لیے آگے بڑھنا مشکل ہو جائے گا۔ اس جنگ سے عالمی معیشت زبوں حالی اور دنیا غذائی کا شکار ہوسکتی ہے۔قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بالی کے نگورا رائے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی وفد کے ہمراہ پہنچے جہاں ان کا استقبال انڈونیشیا کے کوآرڈینیٹنگ وزیر برائے سمندری امور اور سرمایہ کاری لوہوت بنسر نے کیا۔