G20 کے سبب فرد جرم داخل کرنے میں تاخیر!

   

2020ء فسادات کیس میں عدالت نے کی دہلی پولیس کی سرزنش
نئی دہلی : دہلی کی ایک عدالت نے نے دہلی پولیس کی سرزنش کی ہے کہ وہ 2020ء شمال مشرقی دہلی فسادات سے متعلق ایک کیس میں ضمنی فردجرم داخل کرنے میں ناکام ہوئی۔ اس تاخیر کیلئے وجہ یہ بتائی گئی کہ متعلقہ تحقیقاتی آفیسر G20 سمٹ کیلئے سکیورٹی انتظامات میں مصروف رہا، جو 9 اور 10 ستمبر کو قومی دارالحکومت میں منعقد ہوئی ہے۔ کرکرڈوما کورٹس کے ایڈیشنل سیشنس جج پی پرماچالا نے پولیس کی پیش کردہ وضاحت پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے بیان کیا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ لا اینڈ آرڈر کے انتظام سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو زیردوراں تحقیقات کے تئیں اپنے فرائض کے ساتھ توازن میں رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے عدالت کی جانب سے عطا کردہ توسیعی وقت کو مؤثر طور پر استعمال کرنا چاہئے۔ یہ معاملہ 2020ء کی ایف آئی آر 188 سے متعلق ہے جو کھجوری خاص پولیس اسٹیشن میں درج رجسٹر ہے۔