H-1Bویزا قوانین سے مسائل پر بات چیت جاری : انڈیا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 26 دسمبر (یواین آئی) ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ میں ایچ ون بی ویزا کے قوانین میں تبدیلیوں کے باعث متاثر ہونے والے ہندوستانی شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے امریکی حکومت کے ساتھ سنجیدگی سے بات چیت کر رہا ہے ۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں ہندوستانی شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہیں اور حکومت ان کی مشکلات سے پوری طرح واقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان پریشانیوں کو کم کرنے کیلئے امریکہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ترجمان نے مزید کہا، “حکومتِ ہند کو کئی ہندوستانی شہریوں سے اس بارے میں تحریری معلومات ملی ہیں۔ یہ لوگ اپنے ویزا اپائنٹمنٹ کی نئی تاریخیں حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ویزا سے متعلق معاملات کسی بھی ملک کے خودمختار دائرہ اختیار میں آتے ہیں، تاہم ہم نے ان مسائل اور اپنے خدشات کو نئی دہلی اور واشنگٹن ڈی سی، دونوں جگہوں پر امریکی حکام کے سامنے اٹھایا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ طویل عرصے سے پھنسے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے خاندانوں اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کافی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ حکومتِ ہند اپنے شہریوں کو ہونے والی ان پریشانیوں کو کم سے کم کرنے کیلئے امریکی فریق کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کر رہی ہے ۔