HYDRA آوٹر رنگ روڈ تک 2000 مربع کلو میٹر کا احاطہ کرے گا : چیف منسٹر

   

بلدیات کے بعض اختیارات اس سیل کے تفویض ہوں گے
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کل عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آوٹر رنگ روڈ تک کے تمام علاقے کو حیدرآباد ڈیزاسسٹر رسپانس اینڈ اسیٹس مانیٹرنگ (HYDRA) اور پروٹیکشن سیل کے تحت لایا جائے ۔ اس سیل کو آوٹر رنگ روڈ تک دو ہزار مربع کلومیٹر کے مینجمنٹ کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی جو گریٹر حیدرآباد کے توسیعی پلان کے حصہ کے طور پر ہوگی ۔ HYDRA کے اختیارات پر تبادلہ خیال کے لیے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ڈیزاسسٹر مسائل سے نمٹنے کے علاوہ HYDRA کو سرکاری جائیدادوں کے تحفظ ، نالوں اور دیگر تالابوں وغیرہ پر غیر قانونی قبضوں کے سدباب ، غیر قانونی قبضوں ، غیر قانونی تعمیرات کو برخاست کرنے ، غیر قانونی ہورڈنگس اور اشتہارات کو نکال دینے ، ٹریفک مینجمنٹ ، پینے کے پانی اور برقی سربراہی کی ذمہ داری تفویض کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہر میں موجود زونس کے خطوط پر حیڈراکی جانب سے انتظامات کئے جانے والے جغرافیائی حدود کو قطعیت دی جائے تاکہ کام میں سہولت اور آسانی ہو ۔ اس کے لیے تجاویز کا مسودہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل تیار کیا جائے اور اگر ضروری ہو تو اس کے لیے خصوصی فنڈس مختص کرنے پر غور کیا جائے ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد کے تیزی سے پھیلاؤ کے درمیان شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے HYDRA کو نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے مطابق تشکیل دینے کو بھی لازمی قرار دیا ۔۔