حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش میں گروپ
I کی مخلوعہ 169 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے آندھرا پردیش ریاستی پبلک سرویس کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گروپ I کی انتہائی اہمیت کی حامل جائیدادوں کے لیے کوئی بھی گرایجویٹ امیدوار اپنی درخواستیں 7 تا 28 جنوری تک پیش کرسکتے ہیں ۔ گروپ I جائیدادوں پر تقررات کے لیے منعقد ہونے والے امتحان کی فیس 27 جنوری کی شب 11 بجکر 59 منٹ تک ادا کرسکتے ہیں اور 10 جون تا 22 جون تک وشاکھا پٹنم ، وجئے واڑہ ، تروپتی ، اننت پور میں ’ مینس Mains ‘ امتحانات منعقد کئے جائیں گے جب کہ 10 مارچ کو دو پرچہ جات 120 نشانات پر مشتمل اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا جائے گا ۔ گروپ I جائیداد پر تقرر کے لیے درخواست دینے کے خواہش مند امیدواروں کو درخواست کی قیمت 250 روپئے اور امتحانی فیس 120 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ ریاست میں گروپ II کی مخلوعہ 446 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے آندھرا پردیش ریاستی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ ان 446 مخلوعہ جائیدادوں میں 292 ، نان ایکزیکٹیو 154 ایکزیکٹیو جائیدادیں شامل ہیں ۔ ڈگری کامیاب کوئی بھی امیدوار ان جائیدادوں کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ درخواستیں 10 جنوری تا 31 جنوری تک پیش کی جاسکتی ہیں ۔ بعد ازاں 5 مئی کو اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا جائے گا اور 18 اور 19 جولائی کو ’ مینس ‘ امتحان منعقد کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکریننگ ٹسٹ آن لائن ہوگا ۔ اس ٹسٹ میں 150 نشانات پر مشتمل امتحانی پرچہ ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کا ویب سائٹ ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔۔