LIC ایجنٹس اور ملازمین کیلئے فلاحی اقدامات کو مرکزی وزارت فینانس کی منظوری

   

حیدرآباد 19 ستمبر (پریس نوٹ) مرکزی وزارت فینانس نے لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کے ایجنٹس اور ملازمین کے فائدہ کے لئے متعدد فلاحی اقدامات کو کل منظوری دی۔ جس میں ایجنٹس کے لئے گریجویٹی کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے زیادہ سے زیادہ 5,00,000/- روپئے کیا گیا۔ نئے قواعد کے مطابق دوبارہ مقرر کئے جانے والے ایل آئی سی ایجنٹس رینیول کمیشن حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ ایجنٹس کو واجب الادا فری ٹرم انشورنس کی مقدار میں 1,50,000/- روپئے تک اضافہ کیا گیا۔ ایل آئی سی ملازمین کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے 30 فیصد یکساں شرح پر فیملی پنشن مقرر کیا گیا۔ مسٹر سدھارتھ موہنتی، چیرپرسن ایل آئی سی آف انڈیا نے لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کے ایجنٹس اور ملازمین کے فائدہ کے لئے ان اقدامات کے لئے منظوری دینے پر وزیر فینانس سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ اس سے ایل آئی سی کے ایجنٹس اور ملازمین کا حوصلہ بڑھے گا۔