لاہور۔2 فروری (ایجنسیز) پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم نے آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اب وہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 31 سالہ بابر اعظم نے یکم فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف 36 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ ان کے ٹی 20 کریئر کی 39ویں ففٹی تھی۔اس کیساتھ ہی بابر نے ویراٹ کوہلی کے سب سے زیادہ ففٹی بنانے کے طویل عرصے سے قائم ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کوہلی کے اب تک ٹی ٹوئنٹی میں 38 نصف سنچریاں ہیں۔ اس فہرست میں سابق ہندوستانی کپتان روہت شرما 37 نصف سنچریوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔