T20 ورلڈکپ: ہندوستان نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرایا

,

   

کولمبو۔ 15 فبروری (ایجنسیز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر سوپر8 مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر پاکستان اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں سلمان آغا کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ایشان کشن تھے جو کہ 40 گیندوں پر 77 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔15 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا، انہوں نے 25 رنز بنائے۔ اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کا شکار بن گئے۔ پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری جب کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بناکر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ دوبے نے 27 جبکہ اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے 4 اوورز میں 24 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے بھی ایک ایک وکٹ لی، ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 18 ویں اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ شاداب خان نے 14اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا، وورن چکرورتی، جسپریت بمرا اور اکثر پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تلک ورما اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آج پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان کی پلئینگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان ، بابراعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے جبکہ انڈین ٹیم میں ابھیشیک شرما اورکلدیپ یادیو کو شامل کیا گیا۔