29 ،30 اپریل کو اگریکلچر اور فارمیسی ، 2 تا 4 مئی انجینئرنگ امتحانات ، ہال ٹکٹس ویب سائٹ پر موجود
حیدرآباد۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں انجینئرنگ اور فارمیسی داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے TG EAPCET امتحان کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی مہلت ختم ہوگئی ہے۔ ایپ سیٹ کنوینر دین کمار اور معاون کنوینر وجئے کمار ریڈی نے بتایا کہ جمعرات تک 3 لاکھ 6,796 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں انجینئرنگ اسٹریم کیلئے 2 لاکھ 20,049 اور فارمیسی کیلئے 86,493، اس کے علاوہ دونوں امتحانات کیلئے مزید 254 درخواستیں وصول ہوئیں۔ واضح رہے کہ 5,000 روپئے جرمانے کے ساتھ فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ جمعرات کو ختم ہوچکی ہے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے 10 سال کی تکمیل کے بعد آندھرا پردیش کے طلبہ کو تلنگانہ میں داخلہ لینے کی جو سہولت دی گئی تھی، وہ اب ختم ہوچکی ہے جس کی وجہ سے پڑوسی ریاست کے کم طلبہ نے TG EAPCET کیلئے درخواستیں داخل کی جس کے سبب گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال درخواستیں داخل کرنے والوں کی تعداد میں معمولی کمی آئی ہے۔ واضح رہے کہ اگریکلچر، فارمیسی اسٹریم امیدواروں کیلئے 29 اور 30 اپریل کو امتحانات منعقد ہوں گے جبکہ 2 سے 4 مئی تک انجینئرنگ اسٹریم کیلئے امتحانات منعقد ہوں گے۔ان امتحانات کے ہال ٹکٹس کو پہلے ہی ویب سائٹ پر دستیاب رکھا گیا ہے۔2