TG EAPCET کے نتائج اب طلبہ کے

   

فون پر SMS کے ذریعہ بھیجے جائیں گے
ہال ٹکٹس کو گوگل میاپس سے جوڑ دیا گیا، کیو آر کوڈ سے امتحانی مرکز تک پہنچنا آسان
حیدرآباد۔ 21 اپریل (سیاست نیوز) جے این ٹی یو نے TG EAPCET کے نتائج کے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ٹی جی۔ ایپسیٹ کے نتائج طلبہ کو موبائل فونس پر بھیجے جائیں گے۔ ابھی تک طلبہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر نتائج دیکھا کرتے تھے۔ نتائج دیکھتے وقت سرور ڈاؤن ہونے یا پھر تیکنیکی مسائل کی وجہ سے طلبہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ طلبہ کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے جواہر لال نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی نے ایس ایم ایس کے ذریعہ طلبہ کو نتائج روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے ذرائع نے بتایا کہ نتائج کی مارکس لسٹ https://eapcet.tgche.ac.in پر بھی دستیاب رہیں گے۔ طلبہ ویب سائٹ سے اپنی مارکس شیٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ اگریکلچر اور فارمیسی شعبوں سے متعلق ہال ٹکٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ انجینئرنگ کے ہال ٹکٹس 22 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔ جاریہ سال ہال ٹکٹس کو گوگل میاپس سے جوڑ دیا گیا ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعہ طلبہ اپنے امتحانی مراکز تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ کیو آر کوڈ کو اسکیان کرنے پر نیویگیٹ کے ذریعہ امتحانی مرکز کتنی دُور ہے، اس کا پتہ چل جائے گا۔ ٹی جی ایپ سیٹ کے اگریکلچر اور فارمیسی 29 اور 30 اپریل امتحانات منعقد ہوں گے جبکہ 2، 3 اور 4 مئی کو انجینئرنگ کے انتخابات منعقد ہوں گے۔ آخری امتحان کے 10 دن بعد نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ جے این ٹی یو کے عہدیداروں نے بتایا کہ 5 ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 24 اپریل تک فیس داخل کی جاسکتی ہے۔2