تلنگانہ وقف ٹریبونل کے فیصلہ سے حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کو راحت
حیدرآباد۔16۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف ٹریبونل سے UMEED پورٹل پر اندراج کے معاملہ میں حاصل ہونے والی راحت محکمہ اقلیتی بہبود اور حکومت کی بڑی کامیابی ہے ۔ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جنا ب محمد اظہر الدین ‘ مشیر حکومت برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی واقلیتی طبقات جناب محمد علی شبیر ‘ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی ‘ جناب فہیم قریشی ناب صد ر ٹمریز اور جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود و سیکریٹری ٹمریز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ وقف ٹریبونل سے حاصل ہونے والی راحت کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا ۔ جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ مرکز کے مرممہ وقف قوانین کے مطابق پورٹل پر اندراجات کے لئے درکار مہلت ناکافی ہونے کے بعد وقف بورڈ سپریم کورٹ سے راحت کا انتظار کر رہا تھا جب سپریم کورٹ میں UMEEDپورٹل پر اندراجات کے معاملہ کوئی راحت حاصل نہیں ہوئی تو ایسی صورت میں تلنگانہ وقف بورڈ نے ٹریبونل سے رجوع ہوتے ہوئے 3ماہ کی توسیع حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی نگرانی میں تلنگانہ وقف بورڈ نے گذشتہ دو ماہ کے دوران 46ہزار 836جائیدادوں کے UMEED پورٹل پر اندراج کو یقینی بنایا ہے اور آئندہ 3ماہ کے دوران مابقی جائیدادوں کو پورٹل پر درج کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد اظہر الدین نے بتایا کہ میکرس سطح پر تیزی کے ساتھ اندراجات کو مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ چیکر اور اپروول یعنی توثیق کی سطح پر تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں کے دوران تلنگانہ وقف بورڈ تمام امور کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے کے اقدامات کرے گا۔انہوں نے ٹریبونل کے فیصلہ کے متعلق بتایا کہ ٹریبونل نے فیصلہ میں اس بات کی ہدایت دی ہے کہ UMEED پورٹل پر اندراجات کے احیاء کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے پریس کانفرنس کے دوران تلنگانہ میں درج کی گئی وقف جائیدادوں کی تفصیلات سے واقف کروایا اور ٹمریز میں مخلوعہ جائیدادوں کے متعلق دعویٰ کیا کہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں محض 40جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ اس پریس کانفرنس کے دوران انچارج چیف اکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسداللہ بھی موجود تھے۔3
