اب ایمپائر مینن اور ریفل بھی دستبردار

   

نئی دہلی : ہندوستان کے سرفہرست ایمپائر نیتن مینن اور ان کے آسٹریلیائی ہم منصب پال ریفل نے بھی شخصی وجوہات کی بناء پر رواں آئی پی ایل سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ موصولہ خبر کے بموجب معلوم ہوا ہے کہ اندور کے رہنے والے مینن نے آئی پی ایل کو اِس لئے خیرباد کہہ دیا کیوں کہ اِن کی اہلیہ اور ماں کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ آئی سی سی کے ایلیٹ پیانل میں شامل واحد ہندوستانی ایمپائر مینن جن کی انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کے دوران ایمپائرنگ کی ستائش کی گئی تھی، لیکن اب وہ آئی پی ایل میں خدمات انجام دینے کے لئے ذہنی طور پر پرسکون نہیں ہیں، بی سی سی آئی کے عہدیدار نے کہاکہ مینن کی بیوی اور والدہ کورونا سے متاثر پائے جانے کی وجہ سے وہ ذہنی سکون کھوچکے ہیں اور انھوں نے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ایمپائر نے اِس لئے رواں لیگ سے دستبرداری اختیار کی کیوں کہ آسٹریلیائی حکومت کی جانب سے ہندوستان سے آنے والے طیاروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یاد رہے رواں ٹورنمنٹ سے سب سے پہلے ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون نے افراد خاندان کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد دستبرداری اختیار کی تھی جس کے بعد 3 آسٹریلیائی کھلاڑیوں اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زمپا بھی ہندوستان میں کورونا بحران کی وجہ سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ بحران کے حالات کے باوجود بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے واضح کیاکہ آئی پی ایل شیڈول کے مطابق کھیلا جاتا رہے گا۔