حیدرآباد۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی مداخلت پر تھلیسمیا کے مریض کے افراد خاندان کو لاک ڈاؤن پاس کے حصول میں مدد ملی ہے۔ تھلیسمیا کے مریضوں کیلئے مقررہ وقت پر خون کی تبدیلی کرنی پڑتی ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران مریض ضروری دستاویزات کے ساتھ متعلقہ ہاسپٹلس منتقل ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کل سے پولیس کی سختی کے بعد تھلیسمیا کے مریضوں کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جی پی سنگھ نامی ایک شخص نے کے ٹی آر کو ٹوئٹر پر لکھا کہ میری پوتی تھلیسمیا کی مریض ہے اور اسے دینا ناتھ منگیشکر ہاسپٹل پونے میں خون کی تبدیلی کا انتظام ہے اور 23 مئی کو وہاں رہنا ہے لیکن حکام پاس کی اجرائی سے انکار کررہے ہیں۔ اگر مقررہ وقت پر خون نہیں دیا گیا تو لڑکی کی حالت بگڑ سکتی ہے۔ میری بہو نے پاس کیلئے درخواست دی ہے۔ کے ٹی آر نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو اس جانب فوری توجہ دیتے ہوئے پاس کی اجرائی کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تھلسیمیا کے مریضوں کو پاس کی اجرائی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے میڈیکل ایمرجنسی والے افراد کو تلنگانہ پولیس کی ویب سائیٹ سے اجرائی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ماتحت پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ میڈیکل ایمرجنسی کی درخواستوں پر فوری کارروائی کریں۔