WTC : روہت کو تاریخی کارنامہ انجام دینے کا موقع

   

نئی دہلی : ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں روہت شرما کو کپتان کے طور پر تاریخ رقم کرنے کا موقع دستیاب ہورہا ہے۔ اس چمپئن شپ کا فائنل 7 جون سے انگلینڈ میں ہونے والا ہے۔ ہندوستانی ٹیم تیاری میں مصروف ہے۔ لگاتار دوسری مرتبہ ٹیم انڈیا WTC فائنل میں پہنچی ہے۔ گزشتہ مرتبہ ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستان نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل نیوزی کے ساتھ کھیلا تھا جس میں ٹیم انڈیا کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب دوبارہ ہندوستانی ٹیم ٹسٹ کرکٹ میں نمبر 1 کا خطاب حاصل کرنے میدان سنبھالے گی۔ موجودہ ٹسٹ رینکنگ میں ٹیم انڈیا نمبر ون ہے۔ کپتان روہت شرما کے پاس ایک خاص کمال کرنے کا موقع رہے گا۔ دراصل ایم ایس دھونی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے آخری بار 2013 میں آئی سی سی ٹائٹل جیتا تھا لیکن اس کے بعد ہندوستانی ٹیم کوئی بھی آئی سی سی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ کپتان روہت کے پاس تاریخ رقم کرنے کا موقع ہوگا۔ اگر ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا خطاب جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو روہت ایسے کپتان کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے، جن کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آئی سی سی کا خطاب جیتا ہو۔ 2013 کے بعد سے ہندوستانی ٹیم بھلے ہی آئی سی سی ٹورنمنٹ میں فائنل تک پہنچی ہے لیکن خطاب نہیں جیت پائی تھی۔