میدک میں دھرنا، ٹی این جی اوز صدر نریندر کا خطاب
میدک۔/17 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز یونین کی ہدایت پر میدک مستقر کے کلکٹریٹ پر ضلع میدک ٹی این جی اوز ملازمین کے صدر ڈی نریندر کی قیادت میں وقفہ ظہرانہ کے دوران نئی پنشن پالیسی، تقررات میں آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ نظام کی منسوخی کے علاوہ انکم ٹیکس کی ادائیگی میں ٹیکس کی حد میں اضافہ جیسے دیرینہ حل طلب مسائل کو لے کر دھرنا منظم کیا گیا۔ صدر ٹی این جی اوز نے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ نظام کے تحت خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے اور اس طرح کے نظام کو پوری طرح ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انکم ٹیکس کی ادائیگی کے لئے مقررہ حد میں 5 لاکھ اضافہ کرتے ہوئے 10 لاکھ کردینے کا بھی مطالبہ کیا۔ سابق پنشن پالیسی کا پھر سے احیاء کرتے ہوئے ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دھرنا میں جنرل سکریٹری ضلع ٹی این جی اوز مسٹر مانک، راجکمار، نائب صدر ٹی این جی اوز مسٹر محمد اقبال، خازن مسٹر چندر شیکھر و دیگر قائدین فضل الدین، چرنجیوی، آچاریہ، شیواجی، رادھا، راما گوڑ، تلسی رام، ستیہ نارائن، محمد سلیم، گنگاکرشنا کے علاوہ دیگر نمائندہ شخصیتوں نے بھی حصہ لیا۔ بعد ازاں احتجاج ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر محترمہ پدما شری کوایک تفصیلی یادداشت بھی پیش کی گئی۔