ایک ہلاک ‘ دو زخمی‘حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی تنصیبات اور آئرن ڈو پر حملے
تل ابیب :اسرائیل پر حزب اللہ کے ڈورن اور راکٹ حملوں کے دوران چلائے گئے آئرن ڈوم میزائل نے اسرائیلی بحریہ کے اہلکار کو ہی نشانہ بنادیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق آئرن ڈوم میزائل کشتی کے قریب آکر پھٹا جس سے کشتی میں سوار ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حزب اللہ کے حملے کے وقت بحریہ کی کشتی عکا کے حاصل کے قریب تعینات تھی۔اس علاقے پر سے حزب اللہ کے کم از کم دو ڈرون گزرے جن کو گرانے کے لیے آئرن ڈوم سے دومیزائل داغے گئے۔اسرائیلی فوج کے مطابق اس امکان کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ڈرون کا تعاقب کرنے والے آئرن ڈوم میزائل نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنا نشانہ تبدیل کیا اور بحریہ کی کشتی کے عین اوپر پھٹ گیا۔فوج کے مطابق یہ بھی ممکن ہے کہ آئرن ڈوم میزائل نے بحریہ کی کشتی کے عین اوپر حزب اللہ کے ڈرون کو نشانہ بنایا ہو تاہم اس بات کا امکان بہت کم ہے۔خیال رہے کہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر رات گئے 320 راکٹ اور 100سیزائد ڈرون فائر کیے۔ میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں قائم مختلف شہروں پر ڈرون طیاروں اور راکٹوں سے حملہ کیا، حزب اللہ نے اپنے حملے میں اسرائیلی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام آئرن ڈوم کو نشانہ بنایا۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے اپنے کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر 320 راکٹ فائر کیے اور یہ ہمارے بدلے کا صرف پہلا مرحلہ ہے جو اب مکمل ہوا ہے۔