جئے پور ۔28 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ماہِ رمضان کے دوران ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں شریک مسلمانوں کے لئے ہندو نوجوان سحر و افطار کا انتظام کررہے ہیںجو ضلع ہنومان گڑھ کے علاقے بھٹنیر میں ہندو مسلم بھائی چارے کی ایسے دور میں عمدہ مثال ہے جب ہر گوشہ سے نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ۔ زیادہ تر مسلمان جنھیں کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ، وہ ہاسپٹل میں روزہ رکھ رہے ہیں ۔ مشتبہ کورونا مریض ضلع اسپتال میں شریک ہیں کیونکہ اُن کے نمونے جانچ کے لئے بیکانیر ڈیویژنل ہیڈکوارٹر کو بھیجے گئے ہیں۔ بھٹنیر کنگس کلب اور ضلع سطح کی کمیٹی نے ایک مہم ’’کوئی بھوکا نہیں سوئے ‘‘ چلا رکھی ہے جس کے تحت وہ مذہب سے قطع نظر ہر محتاج کی مدد کررہے ہیں ۔ آئسولیشن میں موجود مسلم افراد بھلے ہی غریب اور محتاج نہیں لیکن اس مہلک مرض کی وجہ سے ہر کوئی اُن کے قریب جانے سے خوف کھا رہا ہے ۔ اس لئے جب اُنھوں نے روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا تو بھٹنیر کلب والوں نے اُن کی حتی الامکان مدد کرنے کا فیصلہ کیا اور اُس پر عمل بھی ہورہا ہے ۔