پنچایت چناؤ میں اہل امیدواروں کو منتخب کریں، کوتہ گوڑم میں منموہن سنگھ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد، عوامی جلسہ سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہد کیا کہ تلنگانہ کو آئندہ 10 برسوں میں ملک کی نمبر ون ریاست کی حیثیت سے شناخت دیں گے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پنچایت چناؤ میں ایسے امیدواروں کو منتخب کریں جو علاقہ کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں۔ حکومت کے 2 سال کی تکمیل پر دورہ اضلاع کے سلسلہ میں ریونت ریڈی نے آج کوتہ گوڑم کا دورہ کیا۔ اُنھوں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ ارتھ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء سرینواس ریڈی، وی سری ہری، ٹی ناگیشور راؤ، سی پی آئی ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ اور ضلع کے عوامی نمائندے چیف منسٹر کے ہمراہ موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے علاوہ کوتہ گوڑم میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ اِس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے 2 سالہ کارکردگی کا احاطہ کیا اور ترقیاتی اسکیمات پر مؤثر انداز میں عمل کرتے ہوئے عوام کی تائید حاصل کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کھمم ضلع کے عوام نے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کو آشیرواد دیا ہے اور عوام کی توقعات پر حکومت پورا اُترنے کی کوشش کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کوتہ گوڑم تھرمل پاور اسٹیشن کے قیام کے لئے کسانوں نے اپنی اراضیات پیش کیں لیکن حکومت کی جانب سے محدود تعداد میں روزگار فراہم کئے گئے جس کے بعد عوامی احتجاج میں علیحدہ ریاست کی تشکیل کے مطالبہ میں شدت پیدا کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ کوتہ گوڑم میں علیحدہ تلنگانہ تحریک کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ علاقہ کی ترقی کے لئے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام سے ارتھ یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے ملک میں تعلیم اور صنعت کے شعبہ میں جو بھی اعلیٰ ادارے قائم کئے گئے وہ تمام کانگریس دور حکومت کی دین ہیں۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے عوامی شعبہ کے ادارے قائم کئے جبکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کو معاشی بحران سے نجات دلائی۔ کرشنا اور گوداوری سے کھمم ضلع کو پانی کی سربراہی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کھمم ضلع کی ترقی کے سلسلہ میں بھٹی وکرامارکا، ٹی ناگیشور راؤ اور پی سرینواس ریڈی کی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ اُنھوں نے کھمم ضلع کی ترقی کے لئے درکار فنڈس جاری کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بہتر حکمرانی کے ذریعہ کسانوں کو مفت برقی اور غریبوں کو راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی کے علاوہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ترقی میں گرام پنچایتوں کا اہم رول ہے لہذا عوام کو اہل امیدواروں کو منتخب کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مواضعات کو سیاسی تنازعہ کے مراکز میں تبدیل نہ کریں بلکہ بنیادی سطح پر ترقی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ نے دیگر ریاستوں کے لئے مثال قائم کی ہے۔ اُنھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ آئندہ 3 برسوں میں مزید فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔1