آئندہ 3 برسوں میں 20 لاکھ اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر

   

4 مراحل میں امدادی رقم جاری ہوگی، کوئی مستحق خاندان محروم نہیں رہے گا : سرینواس ریڈی
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں کوئی بھی غریب حکومت کی فلاحی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ ہر غریب خاندان کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان الاٹ کرنے کے لئے حکومت اقدامات کرے گی۔ سرینواس ریڈی نے پداپلی ضلع ہیڈکوارٹر پر تعمیر کئے گئے نئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ بے گھر غریب خاندانوں کو اسکیم کے بارے میں اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اراضی رکھنے والے غریبوں کو مکان کی تعمیر کے لئے حکومت 4 مراحل میں 5 لاکھ روپئے جاری کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں پہلے مرحلہ کے تحت استفادہ کنندگان کو امدادی رقم جاری کردی گئی ہے۔ آئندہ 3 برسوں میں ریاست میں 20 لاکھ اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کا حکومت نے نشانہ مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مکانات کی تعمیر کے مراحل کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت امدادی رقم جاری کرے گی۔ مقامی ارکان اسمبلی اور ضلع انچارج وزیر کی نگرانی میں ضلع کلکٹرس استفادہ کنندگان کی فہرست طے کریں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ اقتدار سے محرومی کے بعد بی آر ایس قائدین کانگریس حکومت کی اسکیمات کی کامیابی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔1