آئندہ 3 یوم تک شہر اور اضلاع میں بارش کا امکان

   

جمعہ کی سہ پہر شہر میں موسلا دھار بارش ریکارڈ ، محکمہ موسمیات سے زرد الرٹ کی اجرائی
حیدرآباد۔11۔اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں جمعہ کی سہ پہر اچانک موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3یوم کے دوران دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار اور ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ دونوں شہروں میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں جبکہ شہر حیدرآباد میں دسہرہ تہوار کا جوش و خروش دیکھا جا رہاہے لیکن بارش کی وجہ سے اس جوش کے ماند پڑنے کے خدشات بھی پید ا ہونے لگے ہیں۔ جمعہ کی سہ پہراور شام کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز‘ خیریت آباد‘ سوماجی گوڑہ ‘ بہادرپورہ‘ امیر پیٹ ‘ کوکٹ پلی ‘ قطب اللہ پور‘ فلم نگر‘ سکندرآباد‘ مادھاپور‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ چندرائن گٹہ ‘ یاقوت پورہ‘ فلک نما ‘ بنڈلہ گوڑہ‘ حیات نگر‘ ونستھلی پورم‘ ایل بی نگر‘ کتہ پیٹ‘ ناگول ‘ ناچارم‘ عنبر پیٹ کے علاوہ تارناکہ ‘ رامنتا پور‘ اپل‘ مشیر آباد‘ حبشی گوڑہ اور دیگر علاقوں میں مختصر وقفہ کے لئے موسلادھار بارش کے سبب عوام کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ دوپہر سے ہی شہر کے کئی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا اور کئی مقامات پر وقفہ وقفہ سے بونداباندی اور ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے لیکن شام کے وقت ہونے والی اچانک موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پرٹریفک جام کے مسائل کی شکایات موصول ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے بعض اضلاع کے لئے آئندہ 3 یوم کے دوران زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے ان اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا ہے کہ خلیج بنگال میں پیدا شدہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں اور نواحی ومضافاتی علاقوں میں بارش کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے جن اضلاع میں آئندہ 3یوم کے دوران بارش کا امکان ہے ان میں عادل آباد‘ آصف آباد ‘ منچریال ‘ نرمل ‘ محبوب آباد‘ ورنگل ‘ سوریہ پیٹ ‘ نلگنڈہ‘ کھمم ‘ ہنمکنڈہ ‘ محبوب نگر ‘ ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ‘ جوگولامبا گدوال کے علاوہ دیگر اضلاع شامل ہیں۔3