آئندہ 72 گھنٹوں میں موسلا دھار بارش کا امکان

   

Ferty9 Clinic

ہوا کے دباؤ میں کمی ، جی ایچ ایم سی کو چوکس رہنے کی ہدایت ، محکمہ موسمیات کا انتباہ
حیدرآباد۔7 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے جنوبی اضلاع میں جاریہ ہفتہ کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار نہ کی جائے کیونکہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے علاوہ جنوبی اضلاع میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں آج دوپہر ایک گھنٹہ سے زیادہ موسلا دھار بارش ہوئی اور کئی مقامات پر بارش کے دوران تیز ہوائوں کا بھی سلسلہ جاری رہا لیکن کسی بھی مقام پر کوئی حادثہ پیں نہیں آیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بارش کا پانی جمع ہونے کے مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دونوں شہروں میں ای وی ڈی ایم کے عملہ کو چوکسی اختیا ر کرنے کیلئے کہا گیا ہے جبکہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں جہاں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ان مقامات پر ضلع انتظامیہ نے محکمہ مال و دیگر متعلقہ محکمہ جات کو متحرک رکھنے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں آج دوپہر ہونے والی بارش کے دوران کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی وصول ہوئی جہاں بلدیہ کے عملہ کی جانب سے فوری بارش کے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے گئے ۔ دونوں شہروںمیں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 72گھنٹوں کے دوران بھی ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے متعلقہ شعبوں کے عہدیداروں کو چوکسی اختیا رکرنے کے علاوہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دینے کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیداروں کی جانب سے درختوں کی کٹائی کے اقدامات کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا ۔