حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2026-27ء سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر طلبہ کے لئے نیا نصاب متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نصاب کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف مضامین کے ماہرین کے ساتھ حکومت کے مشیر برائے عوامی اُمور اور صدرنشین ایجوکیشن پالیسی ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے اجلاس منعقد کیا۔ ہیومانٹیز اور لینگویجس ڈپارٹمنٹس سے تعلق رکھنے والے مضامین کے ماہرین اور مصنفین اور اکسپرٹ کمیٹی کے ارکان سے مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے مصنفین اور کمیٹی کے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ انسانی اقدار، اخلاق اور سماج میں بہتر زندگی بسر کرنے کے لئے درکار صلاحیتوں پر مبنی نیا نصاب تیار کریں تاکہ آنے والی نسل کی بھلائی ہو۔ اُنھوں نے مضامین کے ماہرین سے کہاکہ موجودہ وقت کے تقاضوں اور ضرورتوں کے مطابق طلبہ کے معیار کے مطابق نصاب تیار کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی مسابقت ممکن ہے اور طلبہ کو تھیوری اور پراکٹیکل شعبہ جات میں مہارت پیدا کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انسانی اقدار کے بغیر تعلیم نامکمل رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نئی تعلیمی پالیسی کو قطعیت دے رہی ہے جس میں نوجوانوں کو موجودہ وقت کے چیالنجس سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا جائے گا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے قائم کردہ کمانڈ کنٹرول روم کی کارکردگی کی انہوں نے ستائش کی۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے بتایا کہ تعلیمی سال 2026-27ء سے انٹر فرسٹ ایئر کے لئے نیا نصاب متعارف کیا جارہا ہے۔ نیا نصاب تعلیمی شعبہ کی عصری ضرورتوں کی تکمیل کرے گا۔1