حیدرآباد 24اکتوبر(یو این آئی ) تلنگانہ کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے وجئے دشمی کی تقریب کے دوران دلچسپ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دس سالوں میں ریاست کے چیف منسٹر بن جائیں گے ۔ جگاریڈی جو اسمبلی میں سنگاریڈی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، نے اپنے حلقہ میں کل شب وجئے دشمی کی تقریب میں شرکت کی اور عوام سے درخواست کی کہ وہ ان کی خواہش کی تکمیل کیلئے پرارتھنا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس لیے وہ زیادہ بات نہیں کر پا رہے ہیں ورنہ مزید باتیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کا مطلب ہے جگا ریڈی ، جگاریڈی کا مطلب سنگاریڈی ۔ انہوںنے پوچھا کہ کیا کوئی اس سے انکار کرسکتا ہے ۔