محاذی تنظیموں اور بی جے پی کے سرکردہ قائدین کی شرکت ، حیدرآباد کے نام کو تبدیل کرنے پر غور و خوص
حیدرآباد۔22ڈسمبر(سیاست نیوز) آر ایس ایس کا سہ روزہ اجلاس شہر حیدرآباد میں 5تا7 جنوری 2022 منعقد ہوگا اور اس اجلاس کے دوران آر ایس ایس اور اس کی محاذی تنظیموں کے سربراہان بشمول بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ قائدین شہر حیدرآباد میں موجود رہیں گے۔ آر ایس ایس کے اجلاس کے دوران آئندہ اسمبلی انتخابات بالخصوص ملک کی 5ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کی حکمت عملی اور تلنگانہ میں منعقد ہونے جار ہے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں زمینی صورتحال سے آگہی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ آر ایس ایس نے اپنی ’سمنوایا‘ بیٹھک کے سلسلہ میں کئے گئے ٹوئیٹ میں حیدرآباد کے بجائے شہر حیدرآباد کی جگہ بھاگیہ نگر کا استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد کے نام کو تبدیل کرنے کی بحث ایک مرتبہ پھر سے چھیڑ دی ہے ۔حیدرآباد میں منعقد ہونے والے آر ایس ایس کے اس اجلاس میں سرسنگھ چالک موہن بھاگوت‘ سرکاریہ واہ (جنرل سیکریٹری) دتاتریہ ہوسبالے ‘ صدر بھارتیہ جنتا پارٹی جے پی نڈا‘ بی جے پی قائد بی ایل سنتوش کے علاوہ سنگھ کی دیگر محاذی تنظیموں کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔ آر ایس ایس نے شہر حیدرآباد کے نام کی تبدیلی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے بلکہ اپنے اجلاس کے لئے حیدرآباد کے نام کی جگہ بھاگیہ نگر کا نام استعمال کرتے ہوئے یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ آئندہ حیدرآباد کو بھاگیہ نگرکے نام سے ہی مخاطب کرنے والی ہے۔ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں ملک کی 5ریاستوں میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے موقف کا جائزہ لیا جائے گا ۔علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ آر ایس ایس کی جانب سے حیدرآباد کے بجائے بھاگیہ نگر کے استعمال پر کہا جا رہاہے کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پر بالواسطہ دباؤ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی انتخابی مہم کے دوران چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے شہر حیدرآباد میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ جب اترپردیش میں فیض آباد ایودھیاہوسکتا ہے ‘ الہ آباد پریاگراج ہوسکتا ہے تو حیدرآباد کیوں بھاگیہ نگر نہیں ہوسکتا ۔ اس کے علاوہ بی جے پی قائدین متعدد مقامات پر شہر حیدرآباد کے نام کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔م