آئی ایس آئی ، اُسامہ کی پاکستان میں موجودگی سے لاعلم تھی : پیٹریاس

   

Ferty9 Clinic

٭ ابتداء میں اسامہ کو شمالی وزیرستان میں تلاش کیا گیا تھا
٭ وزیراعظم پاکستان عمران خاں کے دعوے پر
سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل کی وضاحت

نیویارک۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی جاسوسی ایجنسی ’’سی آئی اے‘‘ کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بات یقینی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کی جاسوسی ایجنسی آئی ایس آئی کو اسامہ بن لادن کے پاکستان میں موجود ہونے کا علم نہیں تھا۔ اس طرح انہوں نے امریکہ کے دورہ پر آئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اس دعویٰ کو غلط قرار دینے کی کوشش کی کہ اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے میں پاکستان کی آئی ایس آئی نے امریکہ کی سی آئی اے کی مدد کی تھی اور اس طرح 2011ء میں اسامہ کو تلاش کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عمران خاں کا یہ دعویٰ کرنا اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان نے اب تک اس بات سے انکار کیا ہے کہ اسامہ بن لادن پاکستان میں موجود ہے اور یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اسامہ کی پاکستان میں موجودگی کے بارے میں اسے کوئی علم نہیں ہے۔ ایبٹ آباد میں اسامہ کو امریکن بحریہ کی سیلز نے ہلاک کرکے اس کی نعش کو سمندر برد کردیا تھا۔ منگل کے روز ہندوستانی سفارت خانہ میں ایک دوبدو پروگرام کے دوران پیٹریاس نے کہا تھاکہ وہ یہ بات یقینی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ پاکستانی انٹلیجنس کو اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ اسامہ پاکستان میں روپوش ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ پاکستان نے ہی اسامہ کو ایبٹ آباد کے ایک دور دراز مقام پر واقع مکان میں پناہ دے رکھی ہے تاہم یہ سچ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شورش پسندوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے دوران پاکستانی حکام کبھی بھی شمالی وزیرستان کے قریب بھی نہیں پہنچ سکے، جہاں حقانی نیٹ ورک، القاعدہ اور دیگر نے اپنے ہیڈکوارٹرس بنا رکھے تھے۔ امریکہ کو یہ بعد میں معلوم ہوا کہ شمالی وزیرستان کو کھنگالنا بے سود ثابت ہوگا کیونکہ اسامہ امکانی طور پر وہاں نہیں بلکہ ایبٹ آباد میں پاکستانی ملٹری اکیڈیمی کے قریب کہیں روپوش ہے۔ پیٹریاس نے کہا کہ ایک بار وہ ملٹری اکیڈیمی کے کیڈٹس سے خطاب کرنے وہاں گئے تھے اور ہیلی کاپٹر میں اُڑان کے دوران انہوں نے اسامہ کا کمپاؤنڈ دیکھا تھا۔ یاد رہے کہ پیٹریاس انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فرم کے کے آر میں شراکت دار کے علاوہ کے کے آر گلوبل انسٹیٹیوٹ کے صدرنشین بھی ہیں، کو نیویارک میں واقع قونصلیٹ جنرل آف انڈیا میں بطور مہمان خصوصی لیکچر کیلئے مدعو کیا گیا تھا جو یو ایس۔ انڈیا اسٹریٹیجک پارٹنرشپ فورم کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان عمران خاں نے جن حالات میں ملک کی قیادت سنبھالی ہے، وہ ملک کو درپیش تمام چیلنجس سے بخوبی نمٹیں گے جس میں سب سے اہم ملک کی کمزور معیشت کو استحکام بخشنا ہے۔