آئی این ایکس میڈیا کیس : چدمبرم سے زیرتحویل پوچھ گچھ کی ضرورت

,

   

دہلی ہائیکورٹ میں ای ڈی اور سی بی آئی کی طرف سے ایڈیشنل سالیسیٹر کا استدلال

نئی دہلی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے دہلی ہائیکورٹ سے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم سے آئی این ایکس میڈیا کیس میں زیرتحویل پوچھ گچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس سنیل گور کے اجلاس پر یہ استدلال پیش کیا گیا۔ آئی این ایکس میڈیا اسکینڈل سے متعلق رشوت اور رقمی ہیرپھیر کے ایک مقدمہ میں جسٹس گور آج چدمبرم کی درخواست ضمانت پر سماعت کررہے تھے۔ ہائیکورٹ نے اپنا حکم محفوظ کردیا اور کہا کہ چدمبرم کو گرفتاری سے بچنے دی گئی عبوری راحت ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کے اعلان تک برقرار رہے گی۔ سالسیٹر جنرل تشار مہتا نے ای ڈی اور سی بی آئی کی پیروی کرتے ہوئے یہ استدلال پیش کیا کہ کانگریس کے رہنما پوچھ گچھ کے دوران غائب رہے تھے اور طویل جوابات دے رہے ہیں۔ تشار مہتا نے مزید کہا کہ چدمبرم اس مواد کا انکشاف بھی نہیں کررہے ہیں جو ان کے علم میں ہے۔ چنانچہ یہ دونوں تحقیقاتی ایجنسیاں ان (چدمبرم) کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہیں۔ زیرتحویل پوچھ گچھ سے معیاری فرق ہوگا۔ سالسیٹر جنرل تشار مہتا نے چدمبرم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایجنسیاں انہیں (چدمبرم کو) گرفتار کرنے کیلئے اپنے قانونی حقوق استعمال کرنا چاہتی ہیں تاکہ انہیں گرفتار کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے پوچھ گچھ کیلئے پولیس تحویل میں لیا جاسکے۔ چدمبرم کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر فینانس کو سی بی آئی نے صرف ایک مرتبہ جون 2018ء میں طلب کیا تھا جب ملزم کی حیثیت سے ان کا نام ایف آئی آر میں درج بھی نہیں کیا گیا تھا۔ سبل نے مزید کہا کہ اس مقدمہ کے پانچ ملزمین کے منجملہ چار فی الحال ضمانت پر رہا ہیں۔ جہاں تک رقمی ہیرپیر کے مقدمہ کا تعلق ہے سی بی آئی کی طرف سے جب کبھی طلب کیا گیا وہ (چدمبرم) پوچھ گچھ کیلئے حاضر رہے ہیں۔