آئی پی ایل میں نوبال کیلئے ایک اضافی امپائر پر غور

   

نئی دہلی ۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں خراب امپائرنگ پر قابو پانے کے لیے ایک اضافی امپائر کی خدمات حاصل کرنے سمیت مختلف تبدیلیوں پر غور شروع کردیا ہے۔ آئی پی ایل کی گورننگ باڈی نے گزشتہ ایڈیشنز میں مستقل خراب امپائرنگ خصوصاً نوبال کے حوالے سے فرنچائزس کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوبال کے لیے ایک اضافی ٹی وی امپائر کی خدمات حاصل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ آئی پی ایل کی گورننگ باڈی کا اجلاس کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر میں برجیش پٹیل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں لیگ کے دوران غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی، فیوچر ٹور پروگرام سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ تاہم اس اجلاس کے دوران خصوصی طور پر نوبال دیکھنے کرنے کے لیے ایک امپائر مختص کرنے پر کی تجویز پر بحث کی گئی۔ گورننگ بورڈ کے ایک بااثر رکن نے کہا کہ ہم ٹکنالوجی کا استعمال کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس ایک اورامپائر ہو گا جوصرف نوبال پر توجہ مرکوزکرے گا لیکن وہ کوئی تھرڈ یا فورتھ امپائر ہو گا۔ آئی پی ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں امپائرز کی جانب سے کریز کی نوبال نہ دیے جانے پر امپائرزکوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور آئی پی ایل کی گورننگ باڈی نے اسی چیز کو مدنظر رکھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔ آئی پی ایل میں میچ کے دوران پاور پلیئرکے نام سے متبادل کھلاڑی لانے کی باز گشت جاری تھی لیکن فی الحال اس منصوبے کو عملی جامع نہ پہنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے سربراہ کی جانب سے اس کی منظوری ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ حکام کا ماننا ہے کہ اس سے لیگ میں کرپشن اورمیچ فکسرز کے لیے راہیں مزید کھل جائیں گی۔