آئی پی ایل کااکتوبر میںانعقاد ممکن:نہرا

   

نئی دہلی۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی سابق فاسٹ بولر آشیش نہرا نے کوروناوائرس کی وجہ سے ملتوی ہوئے آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے انعقاد کے بارے میں کہا ہے کہ اگر اکتوبر میں دنیا میں حالات معمول پر آ جاتے ہیں، تو آئی پی ایل کا انعقاد کیا جا سکتا ہے ۔نہرا نے کرکٹ کنکٹیڈ پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئی پی ایل اگست میں نہیں ہوتا ہے تب بھی اس کا بہت زیادہ امکان ہے کہ بارش کی وجہ سے بہت سے مقابلے منسوخ ہو سکتے ہیں کیونکہ ہندوستان کے کئی حصوں میں اس دوران بہت بارش ہوتی ہے ۔اگر اکتوبر تک پوری دنیا میں حالات معمول پر آجاتے ہیں توآئی پی ایل کا انعقاد کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں یوراج سنگھ کے کھیلنے پرکہا کہ دھونی کی کپتانی میں یوراج اچھا کھیلا ہے ۔جتنا میں نے یوراج کا کریئر دیکھا ہے اس میں انہوں نے2007 اور2008 کے دوران اور اس کے بعد شاندار بیٹنگکی ہے ۔2011 میں ونڈے ورلڈ کپ کے دوران ہم نے دیکھا کہ بیمار ہونے کے بعد بھی یوراج نے دھونی کی کپتانی کے دوران کتنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔یوراج نے حال ہی میں کہا تھا کہ دھونی اور ویراٹ کوہلی کے مقابلے سورو گنگولی کی کپتانی نے انہیں زیادہ حوصلہ افزائی کی تھی۔اس ضمن میں نہرا نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہر کھلاڑی کا اپنا پسندیدہ کپتان ہوتا ہے اور میرے مطابق دھونی کی کپتانی میں یوراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔