ہند ۔ پاک باہمی سیریز کے فوری احیاء کے امکانات نہیں
کراچی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کامیابی کی ستائش کی اور کہا کہ اس ٹورنمنٹ سے ہندوستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا جس سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل سے انڈین کرکٹ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور بیرونی کھلاڑیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کافی حوصلہ دکھایا اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان سوپر لیگ سے بھی ایسی ہی توقعات وابستہ کی ہیں جو اس وقت پاکستان میں کھیلا جارہا ہے۔ اس طرح کے ٹورنمنٹ سے نئے کھلاڑیوں کو دباؤ میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹرس کو پہلے نئے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنے کا موقع دینا چاہئے۔ آفریدی نے کہا کہ وہ جب تک فٹ ہیں لیگ میچس کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے ہند۔ پاک باہمی سیریز کے مستقبل قریب میں احیاء نہ ہونے کی بات کی۔ ایک اطلاع کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں یہ ممکن نہیں لگتا ہے۔ ’’کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ‘‘ویب سائیٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان سے کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ ہیں، جب تک وہ برسراقتدار ہیں دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ سیریزنہیں ہوپائے گی، ان کی ذہنیت پاکستان کے حوالے سے بہت منفی ہے، ایک انسان کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہورہے ہیں۔یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ دونوں ممالک کے درمیان صرف کرکٹ پر ہی سیاست جاری ہے جبکہ دیگر کھیلوں پر کوئی توجہ نہیں دیتا ۔ حال ہی میں پاکستان کے شہر لاہور میں کبڈی ورلڈ کپ مقابلے ہوئے جس میں ہندوستان کی ٹیم نے حصہ لیا۔