آئین 140 کروڑ ہندوستانیوں کی ’حفاظتی ڈھال‘:پرینکا گاندھی

,

   

نئی دہلی 26 جنوری (یو این آئی) کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے پیر کے روز یومِ جمہوریہ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ آئین ہر ہندوستانی کے حقوق، آزادی اور وقار کا سب سے مضبوط محافظ ہے ۔ ایکس پر اپنے پیغام میں پرینکا نے 26 جنوری کی اہمیت کو اجاگر کیا جب 1950 میں ہندوستان کا آئین نافذ ہوا اور ملک نے جمہوریت کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمارا آئین نافذ ہوا تھا، جو ہر ہندوستانی کو آزادی مساوات، انصاف اور اخوت و بھائی چارگی جیسی اقدار کی ضمانت دیتا ہے ۔ آئین کو عوام کیلئے اجتماعی حفاظتی حصار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین ہم 140 کروڑ ہندوستانیوں کا محافظ ہے اور اس کی حفاظت کیلئے ہمارا عزم چٹان کی طرح مضبوط ہے ۔پرینکا کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب آئینی اقدار جمہوری حقوق اور سماجی انصاف پر بحث قومی سطح پر جاری ہے ۔ آئین بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ مبارکباد کے اختتام پر پرینکا گاندھی نے کہا ’’جے سمویدھان، جے ہند‘‘۔