اسٹاک ہوم ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سوئیڈن کی فرنیچر اور ڈیکوریشن کمپنی آئیکیا نے اپنی ایک مسلم ملازمہ کا دفاع کیا ہے جب اسے ایک کسٹمر نے آن لائن گالی گلوج کی۔ سوئٹزرلینڈ کے کسٹمر نے آئیکیا اسٹور پر نقاب لگائی کیشیئر کی موجودگی کی مذمت کی۔ کسٹمر نے گوگل ریویوز میں کہا کہ وہ وہاں دوبارہ کبھی قدم نہیں رکھے گی لیکن کمپنی کا گوگل پر فوری جواب سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ کمپنی واضح اقدار رکھتی ہے، ہر کسی کا احترام کرتی ہے چاہے اس کی نسل، اس کا مذہب اور اس کی جنس کچھ بھی ہو۔ کسی فرد کو اس کے کپڑوں سے جانچنے کے بجائے آپ کو اس کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔ بہرحال ہم اس حقیقت پر افسوس نہیں کریں گے کہ آپ اس طرح کے خیالات کے ساتھ ہمارے اسٹورس پر نہیں آئیں گے۔ کئی لوگوں نے گوگل پر آئیکیا کے موقف کا خیرمقدم کیا ہے۔