لندن: برطانیہ میں ایک منفرد انداز سے فلسطینیوں کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے، جس میں لوگوں کو کھانے پر بلایا جا رہا ہے اور اس کے بل کی رقم فلسطینیوں کیلئے عطیہ کی جائے گی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک میں اسرائیلی محاصرے، بمباری اور پابندیوں کے شکار فلسطینیوں کی امداد کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم جاری ہے، اسی سلسلے میں برطانیہ میں بھی ایک فنڈریز مہم کا آغاز ہونے والا ہے، جس میں کھانے کے بل کی رقم غزہ کے متاثرین کو دی جائے گی۔ لندن میں ہونے والے اس فنڈ ریز گالا کا عنوان ‘‘کم، ڈائن فار فلسطین 2023’’ رکھا گیا ہے، جسے انسانی حقوق کارکن عارفہ نسیم کی جانب سے منظم کیا گیا ہے۔12 نومبر کو ہونے والے اس پروگرام میں شرکت کیلئے لوگوں کو ٹکٹ خریدنے ہوں گے، اور اس کی رقم بھی فلسطینیوں ہی کو عطیہ کی جائے گی۔ انسانی حقوق کارکن عارفہ نسیم نے بتایا کہ فنڈز ریز گالا میں اکٹھے ہونے والے عطیات سے غزہ اور فلسطین کے ضرورت مندوں کو طبی سامان، گدے، کمبل اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کریں گے۔