چیف منسٹر تمام علاقوں سے یکساں سلوک کریں، ملو روی کا مطالبہ
حیدرآباد۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ملو روی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ اپنے آبائی موضع کو بجٹ کی منظوری کی طرح ریاست کے دیگر گاؤں کو بھی بجٹ منظور کیا جائے ۔ ملو روی نے اپنے بیان میں چیف منسٹر کی جانب سے کل سدی پیٹ کے چنتامڈکا گاؤں کے دورہ اور گاؤں والوں کے لئے مختلف رعایتوں کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کسی ایک علاقہ تک محدود نہیں ہوتا، وہ ساری ریاست کیلئے ایک باپ کی طرح ہوتا ہے۔ اگر وہ اپنی آبائی گاؤں کو رقومات منظور کریں تو پھر دوسرے گاؤں کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ہر شخص کیلئے 10 لاکھ روپئے مالیتی فوائد کا اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ کئی ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایک گاؤں کے لئے 200 کروڑ روپئے محض اس لئے مختص کئے گئے کیونکہ کے سی آر کا اس گاؤں میں جنم ہوا ہے ۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ ریاست کے دیگر مواضعات کیلئے بھی اسی طرح بجٹ منظور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر گاؤں کو دو کروڑ روپئے منظور کئے جاتے ہیں تو کئی بنیادی صرورتوں کی تکمیل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ محض ایک گاؤں کو ترقی دیتے ہوئے ریاست کی ترقی کا دعویٰ نہیں جاسکتا۔ چیف منسٹر کو تمام علاقوں کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہئے ۔ ملو روی نے کہا کہ چیف منسٹر کا کوئی بھی قدم سیاسی مقصد براری سے خالی نہیں ہوتا۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی اولین تریح ہونی چاہئے ۔