آبپاشی پراجکٹ کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ

   

اسمبلی اجلاس میں رکن اسمبلی پرشانت ریڈی کی جانب سے حکومت کو توجہ دہانی

نظام آباد :27؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی اجلاس کے زیرو آور میں رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی نے حلقہ کی آبپاشی کے مسائل کو ایوان میں اُٹھاتے ہوئے حکومت کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ حلقے بالکنڈہ میںآبپاشی کو فروغ دینے کے قرض سے پیکیج 21A کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرکے کسانوں کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔بالکنڈہ، نظام آباد رورل، آرمور، اور میٹ پلی اسمبلی حلقوں میں تقریباً 2,12,000 ایکڑ اراضی کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے لیے پیکیج 20، 21، اور 21A کے تحت منصوبہ بنایا گیا تھا۔اس کے تحت 4800 کروڑ روپے کی لاگت سے کاموں کا آغاز کیا گیاتھا جس میں سابقہ حکومت کے دور میں 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور تقریباً 3300 کروڑ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں لیکن بقیہ کاموں کو بھی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ خاص طور پر پیکیج 21A میٹ پلی اسمبلی حلقے میں بالکنڈہ اسمبلی حلقے کے بھیمگل ، ویلپور، کمرپلی، اور موڑتاڑ منڈلوں میں 80 ہزار ایکڑ، نظام آباد رورل کے جکران پلی منڈل میں 28 ہزار ایکڑ، آرمور اسمبلی حلقے میں 6 ہزار ایکڑ، اور میٹ پلی اسمبلی حلقے میں 12 ہزار ایکڑ زمین کو آبپاشی کا پانی فراہم کیا جاسکتا ہے اور پیکیج 21A میٹ پلی اسمبلی حلقے میں تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکے ہیں اورہیڈ ورکس، پمپ ہاؤسز، مین ڈسٹریبیوٹری لائن، اور مین لائن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ صرف ایک ڈسٹریبیوٹری لائن بچھانا باقی ہے اور یہ ایک پائپ آبپاشی پروجیکٹ ہے۔ جس کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے کیونکہ یہ مسئلہ بینک سے منسلک ہے۔اگر بقیہ 20 فیصد کام جلد مکمل کر لیا جائے تو اگلے چھ مہینوں میں 1,20,000 ایکڑ زمین کو آبپاشی کا پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ کاموں میں تیزی پیدا کی جائے انہوں نے بتایا کہ9274 ایکڑ زمین کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے لیے چٹاپور، سوربھیریال، اور فتہپور کے کاموں میں تیزی پیدا کرنا نہ گزیر ہے۔سری رام ساگر پروجیکٹ سے منسلک ایک اور لفٹ آبپاشی پروجیکٹ کے تحت چٹاپور، سوربھیریال، اور فتہپور میں کام جاری ہے۔سابقہ حکومت میں تقریباً 9274 ایکڑ اراضی کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے لیے 150 کروڑ روپے کی لاگت سے اس پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا تھا۔بالکنڈہ اسمبلی حلقے کے چٹاپور، شری رام پور، اور بالکنڈہ گاؤں میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 3474 ایکڑ زمین کو پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آرمور اسمبلی حلقے میں فتح پور اور سوربھیریال گاؤں میں 90 کروڑ روپے کی لاگت سے 5800 ایکڑ زمین کو پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ کام سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ لفٹ پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کیا جائے۔